لندن،21اکتوبر(اردو پوسٹ انڈیا ڈاٹ کام) کرس گیل اور ملنگا کو ٹی 20 فارمیٹ کے ٹاپ کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ لیکن نئی لیگ دی ہنڈریڈ کے پہلے سیزن کے پلیئر ڈرافٹ میں ان دونوں کھلاڑیوں کو خریدار نہیں ملے۔ اتنا ہی نہیں، لیگ کے پہلے راؤنڈ کے پلیئر ڈرافٹ میں ٹی 20 کی موجودہ رینکنگ میں پہلے مقام پر قبضہ جمائے ہوئے پاکستان کے بلے باز بابر اعظم کو بھی کوئی بھی ٹیم خریدنے کو راضی نہیں ہوئی۔
افغانستان کے اسٹار کھلاڑی راشد خان کو دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے ڈرافٹ میں سب سے پہلے سیلکٹ کیا گیا لیکن ویسٹ انڈیز کے بڑے بلے باز کرس گیل کو اگلے سال ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے کسی ٹیم میں جگہ نہیں ملی۔ راشد خان نے بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار شروعتا کرتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں 12.03 کی اوسط سے 81 وکٹ لیے ہیں۔ جس نے برطانیہ میں 8 ٹیموں کے مابین 100 گیند کے اس ٹورنامنٹ میں انہیں اسٹار دعویدار بنایا۔ اتوار کو ٹرینٹ راکٹس نے سب سے پہلے 21 سال کے اس اسپنر کو سیلکٹ کیا۔