فلمی ڈسک،30 نومبر(اردو پوسٹ انڈیا ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے مشہور فلمساز روہت شیٹی نے پنجی میں ہندوستان کے 50 ویں بین الاقوامی فلمی میلے کے دوران بتایا کہ وہ گلزارصاحب کی سپر ہٹ فلم ’انگور‘ کا ریمیک بنانا چاہتے تھے۔ انہوں نے شاہ رخ خان کو ‘انگور’ کا ری میک کے لئے راضی بھی کرلیا تھا۔
روہت شیٹی نے کہا ، میں نے گلزار صاحب کی فلم انگور کے ریمیک کی تیاری کی تھی۔ میں نے کچھ نوجوان اداکاروں کو ذہن میں رکھتے ہوئے انگور کی اسکرپٹ لکھی تھی۔ اسی وقت شاہ رخ خان میرے پاس آئے اور انہوں نے میرے ساتھ فلم کرنے کی بات کی۔
میں نے انہیں انگور کی اسکرپٹ دکھائی تو وہ فلم کرنے کے لئے راضی ہوگئے کیونکہ فلم انگور شاہ رخ کی والدہ کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک رہی ہے۔
روہت نے کہا ’’چند روز بعد میرے پاس فلم ’چینئی ایکسپریس‘ کی کہانی آئی اور مجھے اس کی اسکرپٹ اتنی زیادہ پسند آئی کہ میں نے انگور کو ڈراپ کرنے کا ذہن بنالیا۔
جب میں فلم کی کہانی لے کر شاہ رخ کے پاس گیا تو مجھے لگ رہا تھا کہ وہ اس فلم کے لئے انکار کردیں گے کیونکہ وہ انگور کے لئے راضی ہوئے تھے لیکن جب میں نے چینئی ایکسپریس کی کہانی شاہ رخ کو سنائی تو وہ فورًا راضی ہوگئے اور فلم انگور کا کام اسی وقت رک گیا اور اب تک رکا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا ’’ میں انگور کا ریمیک ضرور بناؤں گا لیکن ابھی نہیں بلکہ آرام سے اور جب بناؤں گا تب میں اناؤنسمنٹ بھی کروں گا اگر ابھی کہہ دوں گا تو پریس والے لکھ دیں گے کہ روہت کی آئندہ فلم انگور ہوگی۔
روہت شیٹی ان دنوں اکشے کمار اور کٹرینہ کیف کے ساتھ فلم “سوریا ونشی” بنا رہے ہیں- سوریہ ونشی اگلے سال 27 مارچ کو سینما گھر میں آئے گی-