ورلڈ گیمز اتھیلٹ آف دی ایئر کے لیے رانی رامپال ہوئی نامزد

سپورٹس ڈسک،11 جنوری(اردو پوسٹ انڈیا ڈاٹ کام) ورلڈ ہاکی کی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ہندوستانی ویمنس ہاکی ٹیم کی کپتان رانی رامپال کو ورلڈ گیمز اتھیلٹ آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا ہے۔ ہاکی انڈیا نے اپنے بیان میں بتایا کہ 25 الگ الگ بین الاقوامی فیڈریشنوں نے اس ایوارڈ کے لیے 25 کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔ ایف آئی ایچ نے رانی کے شاندار مظاہرے اور انکی قیادت کرنے کی قابلیت کو دیکھ کر انکا نام اس ایوارڈ کے لیے بھیجا ہے۔
ہاکی انڈیا کے صدرمحمد مشتاق احمد نے کہا، ہاکی انڈیا رانی کے ورلڈ گیمز اتھیلٹ آف دی ایئر 2019 کے لیے نامزد کیے جانےکی خبر سے بہت خوش ہے۔ فاتحین کا فیصلہ آن لائن ووٹنگ کے ذریعہ کیا جائے گا، جو 30 جنوری کو ختم ہوگا، رانی نے ہندوستان کے پہلی بار لگاتار اولمپکس کوالیفائی کرنے میں اہم رول نبھایا ہے۔