چنکی یادو اولمپک کوٹہ حاصل کرنے والی 11ویں ہندوستانی شوٹر

اسپورٹس ڈسک،9 نومبر(اردو پوسٹ انڈیا ڈاٹ کام) ہندوستانی نشانے باز چنکی یادو نے جمعہ کو 14ویں ایشین چیمپئین شپ میں 25 میٹر کے فائنل میں چاندی کا تمغہ جیت لیا، اسی کے ساتھ انہوں نے اگلے سال ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا، 21 سالہ چنکی اولمپک کوٹہ حاصل کرنے والی 11 ویں ہندوستانی شوٹر ہے۔

فائنل میں چنکی کو 296 پوائنٹ ملے، ٹورنامنٹ میں انہوں نے کل 588 پوائنٹ حاصل کیے اور دوسرے مقام پر رہی۔ اس مقابلے میں سونے کا تمغہ تھائی لینڈ کی نشانے باز نافاسوان یاگپینوبن نے جیتا۔انہیں 590 پوائنٹ ملے۔

25 میٹر پستول میں ہندوستان کے لیے دوسرا اولمپک کوٹہ ہے۔ اس سےپہلے راہی سرنوبٹ نے اسی سال کے شروعات میں میونخ میں ہوئے ورلڈ کپ میں پہلا کوٹہ حاصل کیا تھا۔ اس مقابلے میں حصہ لے رہی دیگر ہندوستانی نشانے بازوں میں انوراج سنگھ 575 اور نیرج کور 572 بالترتیب 21 ویں اور 27 ویں مقام پر رہی۔

والد کرتے ہیں الیکٹریشن کا کام

الیکٹریشن کی بیٹی چنکی کا ٹوکیو اولمپک کے لیے ٹکٹ کٹوانا اتنا آسان نہیں تھا، شوٹنگ کو کافی مہنگا کھیل مانا جاتا ہے۔ اور وہیں بھوپال کی چنکی کے والد محتاب سنگھ یادو پیشے سے الیکٹریشن ہے، جو پچھلے 23 سالوں سے محکمہ کھیل کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ 2012 میں پستول تھمانے والی چنکی کا گھر اسٹیڈیم کے اندر ہی ہے۔ جس وجہ سے وہ بچپن سے ہی کئی کھیلوں کو دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے سمر کیمپ سے شوٹنگ میں قدم رکھا اور اسکے بعد اکیڈمی جوائن کی۔ جلد ہی نوجوان نشانے باز سبھی کی نظروں میں آگئی ، چنکی شوٹنگ اکیڈمی کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ کے بعد چنی جانے والی چنندہ نشانے بازوں میں سے ایک تھی۔ اسکے بعد انہوں نے نیشنل چیمپیئن شپ میں حصہ لیا اور تمغہ جیتا۔